۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
اعجاز ہاشمی

حوزہ/ مرکزی صدرجمعیت علمائے پاکستان نے کہا کہ قوم،ریاستی ادارے دہشتگردوں کو پاکستان کی سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، لوگوں کے خون میں ہاتھ رنگنے والے منحوس دہشت گرد جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر مولوی اعجاز احمدہاشمی نے پشاور مسجد میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے نمازی شہداءکے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اوردرجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔

انہوں نے کہا نماز ظہر کے دوران نمازیوں کی شہادت سے دل رنجیدہ ہوا۔ مسجد کے اندر قرآن مجید بھی موجود تھے، انسانی جانیں ضائع کرنے کے ساتھ دہشتگردوں نے خانہ خدا کو نمازیوں کے خون سے رنگین کرکے شعائر اللہ کی توہین کی ہے ۔قوم اورریاستی ادارے دہشتگردوں کو پاکستان کی سلامتی کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ لوگوں کے خون میں ہاتھ رنگنے والے منحوس دہشت گرد جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد تنظیموں کو پاکستان میں بد امنی پھیلانے سے روکنے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو مل کر کردار ادا کرنا چاہئے۔پاکستان کا بچہ بچہ دہشتگردی کیخلاف اپنی سکیورٹی فورسزکے ساتھ کھڑا ہے۔

مولوی اعجاز ہاشمی نے کہا قوم میں دہشت گردوں کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں ہے۔پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ وطن عزیز میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے ریاستی ادارے اپنا بھر پورکردار ادا کریں۔دہشت گردوں سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ اتنی سخت سکیورٹی کے باوجود دہشت گرد مسجد کے اندر تک پہنچنے میں کامیاب کیسے ہوا؟ سکیورٹی میں کوتاہی کی تحقیقات کرکے قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جانا چاہئے۔۔۔۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .